لاہور( اے بی این نیوز ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے پبلک ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر مفت کرنے کے ساتھ کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے خصوصی سبسڈی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت صوبے کے بڑے شہروں میں چلنے والی جدید ٹرانسپورٹ سروسز جیسے اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرک بس میں سفر کرنے والے شہریوں کو کسی قسم کا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف شہریوں کے روزمرہ اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کے مسائل اور ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔
زرعی شعبے کیلئے بھی اہم ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق کسانوں کو فی ایکڑ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔
موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد کو بھی اس پیکج میں شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل کیلئے ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنا کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور حالات بہتر ہوتے ہی مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال بڑھائیں تاکہ ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی بہتری بھی ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ درآمدی تیل پر انحصار پاکستان کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت مسلسل کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔
مزید پڑھیں :موسلادھار بارش،41 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،شہر جل تھل ہو گیا















