اسلام آباد ( اے بی این نیوز )راولپنڈی اور اسلام آباد میں تند و تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں اچانک آسمان سیاہ بادلوں سے ڈھک گیا، تیز آندھی کے بعد شدید بارش شروع ہوئی جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور متعدد سڑکیں زیر آب آ گئیں۔
ذرائع کے مطابق مری روڈ، راجہ بازار، کمیٹی چوک، کچہری چوک، صدر اور اسلام آباد کے آئی ایٹ، جی سکس، ایف ٹین اور بلیو ایریا سمیت کئی مقامات پر بارش کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہو گیا، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کئی موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ جڑواں شہروں میں تیز بارش، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ تازہ صورتحال کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، بجلی کے کھمبوں اور نشیبی سڑکوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی بارش اور ژالہ باری کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں شہری موسم کی شدت اور پانی جمع ہونے کی صورتحال شیئر کر رہے ہیں۔















