اسلام آباد (اے بی این نیوز) مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم چار فریقی مشاورتی اجلاس مکمل ہو گیا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ اجلاس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر منعقد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں مشترکہ لائحہ عمل پر مشاورت کی۔ چاروں ممالک کے نمائندوں نے علاقائی استحکام، امن کے فروغ اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مسلسل رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی قریبی مشاورت جاری رکھیں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس خطے کی سفارتی کوششوں کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں اہم مسلم ممالک نے مشترکہ پلیٹ فارم پر بیٹھ کر علاقائی چیلنجز پر غور کیا۔
مزید پڑھیں :ایران کو بڑی کامیابی مل گئی، چھ اسرائیلی ایجنٹس گرفتار















