طرابلس (اے بی این نیوز )لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو قاتلانہ حملے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق چار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ان کے قریبی سیاسی مشیر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ انتہائی منظم انداز میں کیا گیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں، تاہم حملہ آوروں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔ اس واقعے نے ملک بھر میں خوف اور بے چینی کی فضا پیدا کر دی ہے اور سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
سیف الاسلام قذافی کو لیبیا کی سیاست میں ایک متنازع مگر اثرورسوخ رکھنے والی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔ 2011 میں اپنے والد کے خلاف بغاوت کے دوران وہ شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوئے تھے اور کئی سال قید میں رہنے کے بعد رہائی ملی۔ بعد ازاں انہوں نے سیاست میں واپسی کی کوشش کی، تاہم انہیں صدارتی انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں :ایران پر امر یکی حملوں کیخلاف لندن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے















