تہران(اے بی این نیوز ) ایرانی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے نوروز اور عیدالفطر کے موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کا آغاز دعا سے کرتے ہوئے کہا کہ اے دلوں اور نگاہوں کو بدلنے والے، ہمارے حالات کو بہترین حالات میں تبدیل فرما۔ انہوں نے کہا کہ اس سال روحانیت کی بہار یعنی عیدالفطر اور فطرت کی بہار نوروز ایک ساتھ آئے ہیں جو ایک خوشی کا موقع ہے۔
رہبرِ اعلیٰ نے ایرانی عوام کی استقامت اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ایران کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا اور سمجھا کہ عوام چند دنوں میں حکومت کے خلاف کھڑے ہو جائیں گے، تاہم قوم نے ثابت کیا کہ وہ متحد اور مضبوط ہے۔
انہوں نے نئے سال کو قومی اتحاد، قومی سلامتی اور مزاحمتی معیشت کا سال قرار دیتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بھی عیدالفطر کی دلی مبارکباد دی۔
مزید پڑھیں :امریکہ اور اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیب نطنز کو نشانہ بنا ڈالا















