اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ہم سے رابطہ کرے تو روس اسے سستا تیل فراہم کرے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ ہم پاکستان کو تیل فروخت کرنے کو تیار ہیں، پاکستان بھی اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
البرٹ پی خوریف نے کہا کہ مجھے ابھی تک پاکستان کے روس سے تیل کی خریداری کے لیے رابطے کا علم نہیں، اگر پاکستان ہم سے رابطہ کرتا ہے تو ہم اسے سستا تیل دیں گے، توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون کا اہم ترین ستون ہے۔
روسی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ کئی دہائیوں سے فوجی اور تکنیکی تعاون جاری ہے، ایران کا ردعمل امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف تھا جو آبنائے خلیج میں موجود ہیں، ایران کے اقدامات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے بارے میں مزید کچھ نہیں کہا جاسکتا، صورتحال غیر یقینی ہے۔
البرٹ پی خوریف نے کہا کہ ٹرمپ کے فوجی ایڈونچر سے پوری دنیا حیران ہے، موجودہ کشیدگی کب اور کیسے ختم ہوگی اس کا اندازہ لگانا ممکن نہیں، صورتحال پیچیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایران میں اسکول پر حملے میں 170 بچوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سیاسی اور سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل نکالا جائے۔
روسی سفیر نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر طاقت کا استعمال کرکے بحران کو مزید بڑھا دیا ہے، امریکا اور اسرائیل ایران کی قیادت کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عالم اسلام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا کے معاملے پر ایرانی سپریم لیڈر کا بڑا فیصلہ ،اہم اعلان سامنے آگیا















