تہران (اے بی این نیوز) آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کے قریب تین تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ بین الاقوامی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی عروج پر ہے اور عالمی تجارت کے اہم سمندری راستوں پر غیر یقینی صورتحال بڑھتی جا رہی ہے۔ تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار تین جہاز مختلف مقامات پر نشانہ بنے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک جہاز دبئی کے قریب آبنائے ہرمز کے علاقے میں جبکہ دیگر جہاز عمان کے ساحل کے قریب حملے کی زد میں آئے۔ حملوں کے بعد جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم بعد میں عملے اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
متاثرہ تھائی جہاز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ بھارت کی بندرگاہ کنڈلا کی جانب جا رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ عمان کی بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور جہاز پر موجود بیس ملاحوں کو بحفاظت نکال لیا۔ حکام کے مطابق تمام ملاح تھائی شہری ہیں جبکہ چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دوسری جانب جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہازوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں تاہم ان کے عملے کو محفوظ بتایا جا رہا ہے۔ میری ٹائم سیکیورٹی حکام کے مطابق سمندری راستوں پر اس طرح کے حملے عالمی تجارت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تجارتی اور توانائی کے راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے بڑی مقدار میں تیل اور دیگر سامان کی ترسیل ہوتی ہے۔بھارت نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا عالمی تجارت اور سمندری سلامتی کے لیے خطرناک رجحان ہے۔
مزید پڑھیں :آبنائے ہر مز میں بڑی کارراوئی،وسیع پیمانے پر نقصان، تفصیلات سامنے آگئیں،جا نئے















