اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔
سفیر نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستانیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور پاکستانی کمیونٹی اس وقت اپنے اماراتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
پاکستانی سفیر نے پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ابوظہبی میں سفارت خانہ اور دبئی میں قونصل خانہ 24 گھنٹے متحرک ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کی مدد کے لیے سفارت خانے اور قونصل خانے میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانہ متحدہ عرب امارات کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے بات کی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر اماراتی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی سفیر نے کمیونٹی سے افواہوں اور جھوٹی خبروں سے دور رہنے کی اپیل کی اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور متحدہ عرب امارات کے قوانین کے احترام پر زور دیا۔
مزید پڑھیں:امریکا اور اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ، جانی نقصان کی اطلاعات موصول















