اہم خبریں

بھارتی فضائیہ کی ناکامی بے نقاب،لڑاکا طیاروں کی تباہی پر بڑا انکشاف

ممبئی (اے بی این نیوز) ایک میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے بار بار تباہ ہونے کی بڑی وجہ بھارت میں تیار کردہ انجن ہو سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایس یو 30 جمعرات کی رات ریاست آسام کے علاقے کاربی انگلونگ میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں اسکواڈرن لیڈر انوج اور فلائٹ لیفٹیننٹ پریش ڈریگکر مارے گئے، جس کی تصدیق بھارتی فضائیہ نے بھی کی۔

ایس یو 30 طیارے کو ہندوستانی فضائیہ کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ یہ طیارہ روسی کمپنی سخوئی نے ڈیزائن کیا ہے جب کہ بھارت میں اسے بنگلور اور ناسک میں ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) کی فیکٹریوں میں تیار کیا جاتا ہے۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار راہول بیدی کے مطابق بھارتی فضائیہ کے پاس پہلے 272 ایس یو 30 طیارے تھے لیکن حادثات کے باعث اب ان کی تعداد کم ہو کر تقریباً 260 رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران بھارتی فضائیہ کے ایک درجن سے زائد ایس یو 30 طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جو کہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔

راہول بیدی کے مطابق بھارتی فضائیہ عام طور پر لڑاکا طیاروں کے کریش ہونے کی تحقیقاتی رپورٹوں کو خفیہ رکھتی ہے۔ بھارتی انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس یو 30 طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی ہوسکتی ہے جب کہ ماضی میں بھی ایسے مسائل کو منظر عام پر آنے سے روکا جاتا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ 50 سالوں میں ہندوستانی فضائیہ کے تقریباً 470 مگ 21 لڑاکا طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق مگ 21 کے انجن میں بھی کئی تکنیکی خامیاں تھیں تاہم ان کا سرکاری طور پر کبھی اعتراف نہیں کیا گیا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی فضائیہ کو اس وقت جنگی صلاحیت کے لیے 45 اسکواڈرن طیاروں کی ضرورت ہے لیکن اس کے پاس اس وقت صرف 29 سکواڈرن رہ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فضائیہ کے پاس اس وقت مقامی طور پر تیار کردہ تیجس کے قریب 30 سے ​​32 لڑاکا طیارے ہیں، تاہم ان میں سے کئی طیارے ایک حادثے کے بعد دبئی ایئر شو کے بعد گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر Su-30 طیاروں کے حادثات کی تحقیقات میں کسی بڑی تکنیکی خامی کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ بھارتی فضائیہ کے لیے ایک سنگین چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:محمد رضوان پھٹ پڑے،ٹی20 ورلڈکپ کی شکست پر کھل کر بول گئے

متعلقہ خبریں