اہم خبریں

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز        )حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ملکی معیشت کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اضافہ کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کے بعد پورے خطے میں جنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور موجودہ کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ کر آسمان کو چھونے لگی ہیں اور عالمی تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی اسی کشیدگی کا نتیجہ ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے حکومت دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قابو پایا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی اپنے ہم منصب رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

نائب وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خطے کو اس کشیدہ صورتحال سے باہر نکالے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں اور نئی پٹرولیم قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔

متعلقہ خبریں