اہم خبریں

امریکہ نے ایران پر حملہ کیا ہمیں اس کی سمجھ نہیں،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     ) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایران ہمارا مسلمان ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور یہ سفارتی رابطے اب بھی جاری ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ مذاکرات ہوں تاکہ جنگ کا خطرہ ٹل سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست تصادم ہوا تو اس کے اثرات صرف دو ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ تباہی کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے لیے ایک معاہدہ طے پانے کے قریب تھا، تاہم اچانک صورتحال بدل گئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے کی وجوہات سمجھ سے بالاتر ہیں اور پاکستان مسلسل سفارتی سطح پر کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم نے ایران امریکہ مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا اور خطے کو بڑی جنگ سے بچانے کے لیے سنجیدہ کاوشیں کیں۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ تعاون کا رویہ اپنایا، مگر بدقسمتی سے وہاں سے کبھی مثبت جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور قطر نے بھی افغانستان کو سمجھانے کی بہت کوشش کی، تاہم حالات میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔ رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں اور نہ ہی ایسی کوئی صورتحال موجود ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی حیثیت ایسی نہیں کہ پاکستان اس کے ساتھ باقاعدہ جنگ کی کیفیت میں ہو۔

مزید پڑھیں :چین نے پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات روک دیں، عالمی مارکیٹ میں ہلچل

متعلقہ خبریں