اہم خبریں

گلگت بلتستان بھر کے علماء کرام اور مشائخ عظام کے ہنگامی اجلاس،ملنے والی ہدایات کا انتظار کیا جائے گا،اعلامیہ جاری

گلگت،سکردو (اے بی این نیوز) رہبرِ مسلمینِ جہان آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد گلگت بلتستان بھر کے علماء کرام اور مشائخ عظام کے ہنگامی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا گیا۔ ترجمان انجمن امامیہ پاکستان کے مطابق اجلاس جامع مسجد میں منعقد ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق عالمی اور ملکی سطح پر مجتہدین اور مذہبی قائدین کی جانب سے ملنے والی ہدایات کا انتظار کیا جائے گا اور انہی کے مطابق آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔

علماء نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر چالیس روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے تک روزانہ نمازِ ظہرین کے بعد گلگت بلتستان بھر میں احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے جبکہ مرکزی اجتماع جامع مسجد سکردو میں ہوگا جہاں مجالس ترحیم اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ حالات کی نگرانی کے لیے چوبیس گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو علماء کی نگرانی میں کام کرے گا۔

علماء نے مطالبہ کیا کہ نہتے مظاہرین پر فائرنگ کرنے والے افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کرفیو یا دفعہ 144 کے نفاذ سے حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں، اس لیے انتظامیہ احتیاط سے کام لے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں امریکی اور اسرائیلی شہریوں کے داخلے کی اجازت نہ دی جائے اور امریکی و اسرائیلی غیر سرکاری تنظیموں کے قیام کی مخالفت کی جائے گی۔علماء نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے محلوں کی سطح پر مساجد اور امام بارگاہوں میں مجالس اور قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔

مزید پڑھیں :ایران کا امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن پر میزائل حملہ،چار بیلسٹک میزائل داغ دیئے

متعلقہ خبریں