اسلام آباد (اے بی این نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں کھیلنے کے دوران انہیں شدت سے یہ احساس ہوا کہ ان کی کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی اور وہ مزید انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میدان میں واپسی کا جذبہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور وہ دوبارہ سبز ہلالی پرچم کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔
عثمان قادر نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ انہوں نے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد کیا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہی حوصلہ افزائی انہیں دوبارہ میدان میں لانے کا سبب بنی۔
واضح رہے کہ عثمان قادر ماضی کے مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے ہیں۔ وہ ایک ون ڈے اور پچیس ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے اکتوبر 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم اب انہوں نے اس فیصلے سے رجوع کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں :مظاہرین کے جذبات اور احساسات کو سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے،مریم نواز















