اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد جموں و کشمیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 نے ملکی سکیورٹی کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایس ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے تمام افسران و اہلکاروں کی ہر قسم کی رخصت تا حکمِ ثانی منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ اسٹیشن لیو پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام ریسکیو اسٹیشنز پر موجود گاڑیوں، مشینری اور آلات کو ہمہ وقت فعال اور قابلِ استعمال حالت میں رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔مزید برآں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں قائم ایمرجنسی کنٹرول رومز اور ریسکیو 1122 اسٹیشنز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع واقعے کی صورت میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
مزید پڑھیں:پیٹرول بحران کا خدشہ، سپلائی بند اور قیمتوں میں اضافہ متوقع















