اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں مقیم پاکستانیوں کو آذربائیجان کے راستے بحفاظت پاکستان لانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں، ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج ملکی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستانی افواج بہترین انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایران میں مقیم پاکستانیوں کو بحفاظت پاکستان واپس لانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانیوں کو آذربائیجان کے راستے بحفاظت پاکستان لایا جائے۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو فوری طور پر آذربائیجان کی حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامع اور موثر حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں:اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ کا ہنگامی رابطہ، خطے کی صورتحال پر اہم گفتگو















