اسلام آباد(اے بی این نیوز) ملک میں فائیو جی سروس کی 10 مارچ کو ہونے والی اسپیکٹرم نیلامی سے قبل دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے پیشگی رقم جمع کروا دی ہے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق یوفون اور زونگ نے فائیو جی نیلامی میں شرکت کے لیے درکار ارنسٹ منی کی مد میں فی کمپنی ڈیڑھ کروڑ ڈالر جمع کروا دیئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 3 کروڑ ڈالر کی رقم مقررہ آخری تاریخ 27 فروری سے قبل جمع کرا دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی ایک اور بڑی موبائل کمپنی جاز بھی جلد مطلوبہ رقم جمع کروا سکتی ہے۔ کیونکہ اس کا اس اہم نیلامی سے باہر رہنے کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری معلوماتی دستاویز کے مطابق ہر ممکنہ بولی دہندہ کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر بطور ارنسٹ منی جمع کروانا لازمی ہے۔ جو کامیاب ہونے کی صورت میں حتمی لائسنس فیس میں ایڈجسٹ کی جا سکتی ہے۔
نیلامی کے مجوزہ فریم ورک کے تحت حکومت کو اس عمل سے 60 کروڑ ڈالر سے زائد آمدنی کی توقع ہے۔ تاہم حتمی رقم کا انحصار بولی کے دوران مقابلے اور پیشکشوں پر ہو گا۔ ریگولیٹر کے مطابق نیلامی اس وقت کامیاب تصور کی جائے گی جب پیش کیے گئے 597 میگاہرٹز اسپیکٹرم میں سے کم از کم نصف یعنی تقریباً 300 میگاہرٹز فروخت ہو جائے۔
حکام کا ماننا ہے کہ اگر تین آپریٹرز اس عمل میں شریک ہوتے ہیں تو کم از کم مطلوبہ حد تک اسپیکٹرم کی فروخت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ جس سے مسابقتی ماحول پیدا ہو گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
10 مارچ کو ہونے والی یہ نیلامی پالیسی سازوں، سرمایہ کاروں اور ٹیلی کام شعبے سے وابستہ حلقوں کی بھرپور توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی فروخت ملک میں تیز رفتار براڈ بینڈ، کم تاخیر والی ایپلیکیشنز اور جدید انٹرپرائز سروسز کے فروغ کی راہ ہموار کرے گی۔ جو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں۔وزیراعظم رمضان پیکج: اہلیت جانچنے کا عمل آسان کر دیا















