کراچی(اے بی این نیوز) وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے رواں سال کیلئے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا ہے۔حکومت نے رواں سال زکوٰۃ کی کٹوتی کے لیے نصاب کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس سال نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر یکم رمضان المبارک کو کسی سیونگ اکاؤنٹ میں موجود رقم اس حد سے کم ہوگی تو اس پر زکوٰۃ لاگو نہیں ہوگی البتہ مقررہ رقم یا اس سے زائد بیلنس رکھنے والے کھاتوں سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق یکم رمضان کو تمام سیونگ اکاؤنٹس اور نفع و نقصان میں شراکت دار اکاؤنٹس سے مقررہ شرح کے مطابق رقم منہا کی جائے گی جو بعد ازاں اسٹیٹ بینک میں قائم سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یکم رمضان کو تمام مالیاتی ادارے عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے تاکہ کٹوتی کا عمل منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں۔بھارت، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقا سپر ایٹ مرحلے میں داخل















