پشاور(اے بی این نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں رواں سال پہلی بار پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس اہم فیصلے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت میچز پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے تقریباً 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کیلئے دو ٹیمیں بنانے پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد صرف بنگلا دیش کو عزت دینا تھا، اس کے پیچھے کسی قسم کی شرط یا دباؤ شامل نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی توجہ صرف کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری پر مرکوز ہے۔
مزید پڑھیں۔کون ہوگا صدر آزاد کشمیر؟ فیصلہ آج متوقع















