اہم خبریں

صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا: سہیل آفریدی

پشاور(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کے پی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، ہر کسی نے پختونخوا کو تجربہ گاہ بنایا لیکن اب صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا۔

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، یہاں تعلیم، صحت یا اسپورٹس، ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے، یہاں مواقع کے مسائل ہیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کو ہمیشہ تجربہ گاہ بنایا گیا، ہر ایک نے اپنا تجربہ کیا جس کے باعث بے امنی پیدا ہوئی، میں صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے لیے کسی کے در پر نہیں جاؤں گا، لیکن اپنے صوبے کے مفاد کیلئے ہر کسی کے ساتھ بیٹھوں گا، چاہے کوئی مجھے کتنا ہی ناپسند ہو۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا گیا، ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، بعض مائنڈ سیٹ کے لوگ نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ترقی کریں، وفاق نےکے پی کے 4000 ارب سے زیادہ روپے روک رکھے ہیں، یہ پیسا میں آپ کی مدد سے وفاق سے لوں گا۔

ان کا کہنا تھا جامعات میں بے روزگاروں کی کھیپ تیار کی جا رہی ہیں، لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے نوجوان روزگار کے بغیر نہ ہوں، ہم سب نے مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے۔

مزید پڑھیں۔کوریا کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

متعلقہ خبریں