یو اے ای(اے بی این نیوز)متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے رمضان المبارک 2026 کیلئے صدقہ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی ادائیگیوں کی سرکاری رقوم مقرر کر دیں،یہ فیصلے وزارتِ اقتصادیات اور سیاحت کے تعاون سے کی گئی فیلڈ پرائس اسٹڈی کے بعد جاری کئے گئے۔ کونسل کے اعلامیے کے مطابق صدقہ فطر فی شخص 2.5 کلو چاول یا اس کی نقد قیمت 25 درہم مقرر کی گئی ہے،روزہ نہ رکھ سکنے والے افراد کیلئے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا 20 درہم فی دن کے حساب سے مقرر کیا گیا ہےجبکہ فدیہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی رقم لاگو ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ رمضان کا روزہ جان بوجھ کر توڑنے کا فدیہ 1,200 درہم مقرر ہے جو 60 مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔ حج یا عمرہ کے دوران کسی ممنوعہ عمل کے ارتکاب پر فدیہ 120 درہم ہوگا جو چھ مستحقین کو دیا جائے گا۔ کونسل نے ایک افطار کھانے کی کم از کم قیمت 20 درہم بھی مقرر کی ہے۔ ترجمان فتویٰ کونسل کا کہنا ہے کہ ہر صاحب حیثیت مسلمان مرد اور عورت پر صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے، زکوٰۃ الفطر رمضان المبارک میں مستحقین کو دی جاتی ہے اور اس کی ادائیگی رمضان کے دوران عیدالفطر کی نماز سے پہلے تک کی جا سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی ادائیگیاں زکوٰۃ فنڈ، امارات ریڈ کریسنٹ اور متحدہ عرب امارات میں تسلیم شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے انجام دیں۔
مزید پڑھیں۔یوٹیوبر ڈکی بھائی اور اہلیہ عروب جتوئی پر فرد جرم عائد















