اسلام آباد (اے بی این نیوز )اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد امریکہ نے پاکستان کے لیے نئی سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود اور پاکستان کا سفر کرنے والے امریکی شہری غیر معمولی احتیاط برتیں۔
سیکیورٹی ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوامی اجتماعات سے دور رہیں، اپنی ذاتی سکیورٹی منصوبہ بندی کا ازسرِنو جائزہ لیں اور مقامی میڈیا کے ذریعے تازہ ترین صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔ اس اقدام کا مقصد امریکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ممکنہ خطرات سے خبردار کرنا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی کلاں میں نماز جمعہ کے دوران امام بارگاہ پر خودکش حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں 33 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اس حملے کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی اداروں کی ہنگامی سطح پر چوکسیاں بڑھا دی گئی ہیں اور علاقے میں اضافی سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :عوام نے آج مسلط شدہ ٹولے کو مسترد کر دیا،سہیل آفریدی















