اہم خبریں

بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ؟پی سی بی نے آئی سی سی کے خط کا جواب دیدیا، جانیں اہم تفصیلات

لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے خط کا جواب دے دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکومت کی جانب سے آئی سی سی کے دوہرے معیار کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خط لکھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے خط کا جواب دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کرنے کے بعد ہی جواب دیا ہے اور یہ آئی سی سی ہی بتائے گا کہ پی سی بی نے خط کا کیا جواب دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے معاملے کے حل کے لیے دیگر بورڈز سے بھی رابطہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کیا ہے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں تاہم بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستانی حکومت اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتی تھی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق جے شاہ نے اپنے جانبدارانہ فیصلوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو انڈین کرکٹ کونسل میں تبدیل کر دیا۔ جانبدارانہ فیصلوں سے انصاف اور مساوات کے اصولوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر ایک ملک کے لیے ایک اور دوسرے ملک کے لیے دوسرا معیار اپنایا جاتا ہے۔ یہ سب تعصب پر مبنی ہے، اس لیے احتجاج درج کروانا ضروری تھا۔

دوسری جانب سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے اعلان سے سری لنکا کا سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔ بائیکاٹ کے باعث شائقین کی بڑی تعداد نے ہوٹل کی بکنگ منسوخ کر دی ہے۔
مزید پڑھیں‌:زلزلے کے جھٹکے،شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر

متعلقہ خبریں