اہم خبریں

سانحہ اسلام آباد ،گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر بہادر علی بھی جامِ شہادت نوش کر گئے

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر بہادر علی خودکش دھماکے میں جامِ شہادت نوش کر گئے، جس پر پولیس اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے۔ شہید انسپکٹر بہادر علی نے اپنی جان وطن کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے قربان کی، جسے پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔

شہید انسپکٹر بہادر علی کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی، جہاں فضا سوگوار اور آبدیدہ رہی۔ نمازِ جنازہ میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سمیت سینئر پولیس افسران، مختلف یونٹس کے افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں نے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید انسپکٹر بہادر علی کی جسدِ خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا، جہاں وہ اپنے خاندان اور اہلِ علاقہ کی موجودگی میں سپردِ خاک کیے جائیں گے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔

مزید پڑھیں :سانحہ اسلام آباد،اپ ڈیٹ آگئی،خواجہ آ صف نے اہم انکشاف کر دیا،وہ کون تھا،کہاں سے آیا تھا،سب بتا دیا

متعلقہ خبریں