اہم خبریں

وزارت خزانہ نے گریڈ 1تا15 کے سرکاری ملازمین کو خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزارتِ خزانہ نے گریڈ ایک سے گریڈ پندرہ تک کے سول سرونٹس سے متعلق ایک اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسپیشل ڈسپنسیشن پالیسی 2023 کے تحت ہائر ٹائم اسکیل کے تمام مالی فوائد کے مکمل طور پر حقدار ہیں۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ جن ملازمین کو ہائر ٹائم اسکیل دیا جائے گا، انہیں بنیادی پے اسکیل کے بجائے نئے ملنے والے ہائر اسکیل کے مطابق تنخواہیں اور الاؤنسز ادا کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے سرکاری ملازمین کی مالی حالت میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے مؤثر سمجھا جائے گا۔ اس حوالے سے باضابطہ ہدایات تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ متعلقہ ادارے اس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنا سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وضاحت کا مقصد ملازمین میں پائی جانے والی ابہام کی کیفیت کو دور کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ہائر ٹائم اسکیل حاصل کرنے والے ملازمین کو مکمل مالی مراعات فراہم کی جائیں۔ اس سے قبل بعض محکموں میں تنخواہوں اور الاؤنسز کی ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق مختلف تشریحات سامنے آ رہی تھیں۔

سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیموں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نچلے گریڈ کے ملازمین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور ان کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

ماہرین کے مطابق ہائر ٹائم اسکیل کے مطابق تنخواہوں اور الاؤنسز کی ادائیگی سے گریڈ 1 سے 15 تک کے ملازمین کی مالی مراعات میں واضح اضافہ ہوگا، جس سے ان کے لیے مہنگائی کے دباؤ کا مقابلہ کرنا نسبتاً آسان ہو سکے گا۔

مزید پڑھیں۔چاندی کے بعد سونے کی قیمت بھی گر گئی

متعلقہ خبریں