انگلینڈ(اے بی این نیوز)انگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے اور ان کا چہرہ سوج گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق بین اسٹوکس ٹریننگ کے دوران گیند چہرے پر لگنے سے زخمی ہوئے،بین سٹوکس نے اپنی تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی، جس میں ان کی دائیں آنکھ کے نیچے سوجن اور نیل پڑا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ بین اسٹوکس کے گال پر کٹ اور خراش کے نشانات ہیں جبکہ ناک سے خون روکنے کے لیے روئی لگی ہوئی ہے،انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ہنستے ہوئے ایموجی کے ساتھ لکھا کہ ‘ تمہیں کرکٹ بال کی حالت دیکھنی چاہیے’۔ بین سٹوکس کو مکمل صحت یابی کے لیے مزید کچھ وقت آرام کرنا پڑ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اسٹوکس اس وقت انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، جو انہیں جنوری کے اوائل میں سڈنی میں کھیلے گئے ایشز کے پانچویں ٹیسٹ کے دوران لاحق ہوئی تھی۔
انجری کی وجہ سے اسٹوکس آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کر سکے تھے، یہ دورہ انگلینڈ کے کپتان کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، جہاں انہوں نے پوری سیریز میں جسمانی مسائل کے باوجود اچھی بولنگ کی، مگر بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا رہا اور انگلینڈ کو ایشز سیریز میں 1-4 سے شکست ہوئی۔
مزید پڑھیں۔سونے کی قیمت میں دو دن کے دوران بڑا اضافہ ہو گیا۔















