اہم خبریں

شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کیخلاف لفظی گولہ باری کی حد کر دی،الزامات کی بوچھاڑ،سیاسی ٹارگٹ کلنگ کی انتہا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    )شیر افضل مروت نے اے بی این نیوز کے پروگرام ’’سوال سے آگے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی اندرونی صورتحال، قیادت کے طرزِ عمل اور حالیہ بیانات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے کردار نے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا اور اندرونی نظم و ضبط مکمل طور پر متاثر ہوا۔ شیر افضل مروت کے مطابق پارٹی معاملات کو اس حد تک شخصیات کے گرد گھما دیا گیا کہ اجتماعی فیصلہ سازی کمزور ہو کر رہ گئی۔انہوں نے علی امین گنڈاپور کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ گفتگو نے پارٹی رہنماؤں کو سیاسی طور پر نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات کو سوشل میڈیا اور عوامی بیانات کی نذر کر دیا گیا، جس سے اختلافات مزید گہرے ہوئے اور پارٹی کا تاثر بری طرح متاثر ہوا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ ماضی میں کسی بھی بڑی سیاسی جماعت میں بہنوں یا قریبی رشتہ داروں کا ایسا غیر معمولی کردار دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ نہ نواز شریف کی بہن نے اس انداز میں پارٹی قیادت پر دباؤ ڈالا اور نہ ہی زرداری کی بہنوں نے سیاسی معاملات میں اس نوعیت کی مداخلت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور، جنید اکبر اور عاطف خان سمیت کئی رہنما بعض بیانات اور فیصلوں سے متاثر ہوئے، جس سے پارٹی کے اندر بے چینی پیدا ہوئی۔ شیر افضل مروت کے مطابق پارٹی میں خوف یا رعب کی فضا قائم کرنے کے الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں، جو کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے خطرناک رجحان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کو طاقت یا دباؤ سے دبانے کی سوچ پارٹی کو مضبوط کرنے کے بجائے مزید کمزور کر رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ علیمہ خان پر ان کی تنقید ذاتی نوعیت کی نہیں بلکہ رویّے اور طرزِ عمل پر ہے، کیونکہ اختلاف کو ذاتی حملوں میں بدل دیا جاتا ہے۔شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ متعدد مواقع پر بزرگ اور شریف شخصیات کی توہین بھی کی گئی، جس سے پارٹی کا اخلاقی تشخص مجروح ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جنہیں میڈیا پر دہرانا ممکن نہیں، تاہم یہ حقائق پارٹی کے اندر ایک سنجیدہ بحران کی نشاندہی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی والے اپنی کال کا انجام ایک بار پھر دیکھ لیں گے،عظمیٰ بخاری

متعلقہ خبریں