اسلام آباد (اے بی این نیوز) ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چائنیز تائپے کو شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
جنوبی کوریا میں جاری اس ٹورنامنٹ میں قومی گرلز نیٹ بال ٹیم نے حریف ٹیم کو 32 کے مقابلے میں 56 گول سے مات دی۔ پاکستان کی اس فتح کو ایونٹ میں ان کی مضبوط پیش قدمی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
چیمپئن شپ میں پاکستان کا تیسرا مقابلہ 29 جون کو میزبان جنوبی کوریا کے خلاف شیڈول ہے، جب کہ چوتھا اور پانچواں گروپ میچ بالترتیب جاپان اور مالدیپ کے ساتھ 30 جون اور یکم جولائی کو کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اب تک تسلی بخش رہی ہے اور شائقین کو اگلے میچز میں بھی اچھے نتائج کی توقع ہے۔