عیدِ قرباں پر اگر آپ صحت کا خیال رکھتے ہوئے گوشت کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں تو بغیر گھی اور تیل کے تیار ہونے والی یہ ڈش آپ کے لیے بہترین ہے۔ یہ نہ صرف مزیدار ہے بلکہ ہلکی اور صحت بخش بھی ہے۔
اس ترکیب میں ایک لٹر پانی کو پین میں ڈال کر 2 بڑی الائچی اور 3 لہسن کے جوے شامل کریں اور ڈھک کر ابال آنے تک پکائیں۔ پھر 2 سوکھی لال مرچیں شامل کریں اور اس کے بعد ایک کلو بکرے یا گائے کا گوشت شامل کرکے تیز آنچ پر پکائیں۔
اب اس میں آدھا چائے کا چمچ کالی مرچیں شامل کریں اور جیسے ہی پین میں جھاگ بنے، اسے کسی کپ کی مدد سے نکال لیں۔ پھر آدھا چائے کا چمچ نمک، پسی ہوئی لال مرچ اور زیرہ پاؤڈر شامل کریں۔ تمام مصالحے اچھی طرح مکس کریں اور 2 ہری مرچیں شامل کرکے درمیانی آنچ پر ڈھک کر 20 سے 25 منٹ تک پکنے دیں۔
پکنے کے دوران یہ دیکھتے رہیں کہ گوشت گل چکا ہے یا نہیں۔ جب پانی مکمل خشک ہو جائے اور گوشت گل جائے تو آخر میں گرم مصالحہ پاؤڈر چھڑک دیں۔
اس طرح بغیر ایک قطرہ گھی یا تیل ڈالے آپ ایک مزیدار، ہلکی اور صحت بخش گوشت کی ڈش تیار کر سکتے ہیں، جو عید کے دنوں میں سب کو پسند آئے گی۔