اسلام آباد(اے بی این نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کئی سال سے جنگی جنون میں مبتلا ہے، بھارت کا جنگی جنون آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، بھارت ایسا ماحول بنارہا ہے جو باہمی تباہی کا سبب بنے گا۔
الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا تصور خطرناک اور مضحکہ خیز ہے، امن تب آئے گا جب بھارت اپنی جنگی جنون میں مبتلا سیاسی سوچ سے چھٹکارا پائے گا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے دانشمندی سے کام لیا، تنازع میں کشیدگی کو بڑھنے نہیں دیا، جنگ بندی کا مطلب ہے کہ فریقین نے فائرنگ بند کردی، بھارت نے کھلم کھلا جارحیت کی، ہم ڈٹ کر کھڑے ہوئے،آج بھی کھڑے ہیں۔
بھارت نے دوبارہ ایسی حرکت کی تو ہمارا ردعمل زیادہ تیز اور شدید ہوگا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی اشرافیہ مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف ظلم پر یقین رکھتی ہے، انتہا پسندی اور ہندوتوا نظریہ کے فطری نتائج ہوتے ہیں، بھارت میں عیسائیوں، سکھوں اور نچلی ذاتوں پر بھی ظلم ہوتا ہے، ظلم سے قدرتی ردعمل پیدا ہوتا ہے،جسے بھارت حل کرنے سے انکاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جب تک بھارت اندرونی مسائل کو خود حل نہیں کرتا،امن ممکن نہیں، کشمیر ایک حل طلب بین الاقوامی مسئلہ ہے، بھارتیوں کو خودداری سیکھنی چاہیے،جھوٹ اور جارحیت پر انحصار بند کرنا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ صرف کوئی پاگل ہی یہ سوچ سکتا ہے کہ وہ پاکستان کا پانی بند کرسکتا ہے، حقیقت سمجھنی چاہیے کہ کشمیر سے 6دریا نکلتے ہیں، کل کو کشمیر پاکستان میں شامل ہوجاتا ہے تو تمام دریا پاکستان کے ہوں گے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں شراکت دار ہیں۔
پاکستان، چین، اور دیگر ذمہ دار اقوام امن کے لئے کوشش کرتے ہیں۔ جس طرح پاکستان نے اپنی جنگ خود لڑی ہے اگر بھارت میں خودداری ہے، تو وہ بھی اپنی جنگ خود لڑے۔
مزید پڑھیں: راجستھان جلسے میں لگائے گئے بھارتی الزامات مسترد،پاکستان کا شدید ردعمل