اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی قومی اسمبلی آمد اپوزیشن نے ایوان کو مچھلی بازار بنادیا۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن نے وزیراعظم کی آمد پر شدید احتجاج شروع کردیا۔
اپوزیشن ارکان نے وزیر اعظم کے ایوان میں پہنچتے ہی نہ صرف احتجاج کیا بلکہ نعرے بازی بھی کی جس کے جواب میں حکومتی ارکان نے شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے۔ اجلاس میں آسیہ ناز نے اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران مرد اور خواتین ووٹروں کے درمیان مسلسل پائے جانے والےصنفی فرق پرتوجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔
توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس فرق کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حکومت اس سے متعلق مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے، ووٹرز کے صنفی فرق سے متعلق الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ نادرا اور دیگر ادارے بھی کام کررہے ہیں، یہ صنفی فرق کم ہوتے ہوتے اب 7 فیصد رہ گیا ہے۔