اہم خبریں

سندھ بلدیاتی انتخابات،لوگ پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی (نیوزڈیسک)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کونسل کی قیادت جیالے میئر کریں گے۔ان خیالات کا اظہار مرتضیٰ وہاب نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کی عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو رد کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے کے الیکشن میں عوام نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وہی کامیابی کا تسلسل حیدرآباد ڈویژن اور کراچی ڈویژن میں بھی جاری رہا، حیدرآباد ڈویژن میں پہلی مرتبہ واضح برتری اور کراچی ڈویژن میں بھی پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی عوام نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور دھرنوں کی سیاست کو رد کرتے ہوئے مثبت اقدامات کو دیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے جب سے پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا تب سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔مشیر قانون نے کہا کہ جو لوگ منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں ان کو اتنا کہوں گا کہ لوگوں نے پیپلز پارٹی کی طرف امید دیکھی، بلدیہ ٹاؤن اور ملیر میں الیکشن ہوئے تو عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ کیا، لوگوں نے تعمیری سیاست اور ترقی کو ووٹ دیا۔

متعلقہ خبریں