اسلام آباد (نیوزڈیسک)سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اب بات سیاست سے آگے نکل گئی ، ملک خانہ جنگی کی طرف دھکیل دیا گیا۔ معاشی، اقتصادی اور سماجی تباہی جاری ،مزید تباہی ہی تباہی ہے اور حکومت بھگوڑی ہے، پنجاب میں بغیر ڈولی کے دلہنیں آگئی ، یہ ٹارزن بنے پھرتے ہیں اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، کل لال حویلی سے خطاب کروں گا۔انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کو معلوم ہے کہ ہماری الیکشن میں سیاسی موت ، ایک ہی حل ہے کہ ملک کو بچانے کیلئے 24 کروڑ لوگ سڑکوں پر آئیں،ایسا نہیں ہوسکتا کہ 24 کروڑ کا ملک دربدر ہو رہا ہو اور اس کا کوئی پرسان حال نہ ہو، ملک میں معاشی تباہی ہے ریزرو 4 بلین سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک ہو کا عالم ہے، گھمبیر اور نہایت ہی خوفناک حالات ہیں، اب بات سیاست سے آگے نکل گئی ہے اور ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، زمین اتنی گرم ہے کہ لوگ اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے سے بھی تنگ ہیں۔















