اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جمعہ کو انٹرا پارٹی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی چاروں مختلف درخواستیں مسترد کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 10 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ہے جو سندھ کے رکن نثار درانی نے تحریر کیا ہے۔اس کے علاوہ انٹرا پارٹی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر پی ٹی آئی کا اعتراض بھی مسترد کر دیا گیا۔مخصوص نشستوں پر انٹرا پارٹی انتخابات کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے پارٹی آفس سے لی گئی دستاویزات کی واپسی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 208 کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے قانونی تقاضوں کا جائزہ لینا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ 27 اگست کو الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں سپریم کورٹ کی وضاحت تک کیس التوا میں رکھنے کی تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔