اہم خبریں

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ، بحالی میں وقت لگ سکتا ہے،ترجمان آئیسکو

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ترجمان آئیسکو کے مطابق آئیسکو کے117گرڈ اسٹیشنزکو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جبکہ ریجن کنٹرول سینٹرکی جانب سےابھی تک کوئی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن آئیسکو انتظامیہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔پشاور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے جبکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے 117 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق گڈو سے کوئٹہ جانیوالے ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بریک ڈاؤن ہوا ہے جبکہ فنی خرابی کی وجہ سے فریکوئنسی کم ہوگئی۔بجلی کی فریکوئنسی متعلقہ سطح سے کم ہونے پرکیسکیڈنگ ہوئی، جس کے باعث پاور پلانٹ ٹرپ کر جاتے ہیں بریک ڈاؤن سے سندھ ،پنجاب ، اورآئیسکو ریجن متاثر ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ریجن میں بجلی کا سسٹم ٹرپ ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق گدو، جام شورو، مظفر گڑھ کے پاور پلانٹس بند ہیں جبکہ حویلی شاہ بہادر، بلوکی، تربیلا اور منگلا ڈیم میں 500 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی، سسٹم بچانے کے لیے این پی سی کا فیوز بند کیا گیا، کراچی، جنوبی پنجاب ، سندھ، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو ، گیپکو،آئیسکو ریجنز میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بحالی کا کام شروع کر دیا۔ذرائع نیشنل پاور کنٹرول کا کہنا ہے کہ اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائنوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا، بجلی کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔


دوسرے شہروں کی طرح لاہور میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کے بعد شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اورنج لائن ٹرین بھی بند ہوگئی ہے۔کراچی میں بجلی کے بڑا بریک ڈاؤن کے باعث بہادرآباد ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر گرومندر سمیت متعدد علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگئے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں اور اس مسئلے کی تحقیقات کر رہے ہیں، گدو کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی

متعلقہ خبریں