اہم خبریں

وزیراعظم کا اسلام آباد میں عالمی معیار کا قائد اعظم ہیلتھ ٹاور بنانے کا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو اسلام آباد میں عالمی معیار کا قائد اعظم ہیلتھ ٹاور بنانے کا اعلان کیا۔شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق اجلاس ہوا۔

انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہیلتھ ٹاور کی تعمیر کے حوالے سے فوری طور پر ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ’’صحت کا شعبہ ایک انتہائی اہم اور حساس شعبہ ہے جس کا اہم فریضہ انسانی جانوں کو بچانا ہے، بہترین معیار کے ہسپتالوں کے علاوہ ایک میڈیکل یونیورسٹی کو بھی ہیلتھ ٹاور میں شامل کیا جائے۔

جبکہ نرسنگ یونیورسٹی، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز اور بیماریوں کی تشخیص کے مراکز بھی قائم کیے جائیں۔ملاقات میں وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شراکت داروں کی مدد سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔

شہبازشریف نے وزارت قومی صحت کے تحت لیبارٹریوں کے معیار اور کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی جس میں وزارت قومی صحت اور اس سے منسلک اداروں میں بہترین اہل صحت کے ماہرین کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) سے ادویات کی قیمتوں کو الگ کرنے اور اسلام آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں کا ہیومن ریسورس آڈٹ کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے ملک بھر کے نرسنگ سکولوں اور کالجوں کا آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد کی صحت کی خود نگرانی کریں گے۔اجلاس میں وزارت قومی صحت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
18,500 مزید پڑھیں :ارب روپے سے زائد مالیت کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

متعلقہ خبریں