کوئٹہ(نیوز ڈیسک )بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر میں غیر صحت بخش چکن کی فراہمی کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو لاکھوں مالیت کے غیر صحت بخش مرغی کے گوشت کی سپلائی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں کی جانب چل پڑی،فیصلہ بانی پی ٹی آئی کرینگے، عمر ایوب
تفصیلات کے مطابق بی ایف اے حکام نے کوئٹہ شہر کے مختلف داخلی راستوں پر عملہ تعینات کرکے پنجاب سے مبینہ طور پر مضر صحت مرغی کے گوشت کی مانیٹرنگ شروع کردی۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قمر الزمان کی سربراہی میں آپریشن ٹیم نے ائیرپورٹ روڈ، کلی الماس چوک پر ایک مشکوک کارگو ٹرک کو جاتے ہوئے دیکھا۔
بی ایف اے کی ٹیم نے چکن سے لدے مشتبہ ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور روکنے کے بجائے بھاگ گیا اور ٹرک کو پارکنگ ایریا میں داخل کرنے کے بعد انٹری گیٹ بند کر دیا۔بی ایف اے آپریشن ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے گیٹ کھول کر ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
بعد ازاں ٹرک میں موجود چکن کے نمونے لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے۔لیبارٹری رپورٹ کے مطابق لاکھوں مالیت کا گوشت انسانی استعمال کے لیے نقصان دہ پایا گیا۔
بعد ازاں بی ایف اے ٹیم کی نگرانی میں کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے میں غیر صحت بخش مرغی کے گوشت کی بھاری مقدار تلف کر دی گئی جبکہ غیر صحت بخش چکن کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔