اسلام آباد(نیوزڈیسک) چوہدری شجاعت حسین کے بیان کے بعد مسلم لیگ ق پرویز الٰہی گروپ متحرک ہوگیا۔ زرائع کے مطابق پارٹی صدارت کیلئے پرویز الٰہی گروپ نے جلد فیصلے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔چودھری شجاعت حسین کے پارٹی سربراہ ہونے کے معاملے پر مسلم لیگ ق پرویز الٰہی گروپ کے وکیل عامر سعید راں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے درخواست کی کہ پنجاب میں انتخابات ہونے والے ہیں، کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔الیکشن کمیشن نے 18 اگست کو چودھری شجاعت پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ق لیگ پرویز الٰہی گروپ کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے ہی پر پارٹی ٹکٹ جاری ہو سکیں گے۔اس موقع پر الیکشن کمیشن میں پرویز الٰہی کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا تذکرہ بھی ہوا۔ممبران الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق پرویز الٰہی گروپ کے وکیل کو جواب دیا کہ ق لیگ پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی کوشش کریں گے۔















