اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نےاسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو صبح 10 بجے طلب کر نے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت پارلیمانی امور کی درخواست پر وزیر اعظم پاکستان نے وزارت قانون و انصاف سے قانونی رائے لینے کے بعد آئین پاکستان کے آرٹیکل 91 کی شق نمبر 2 کے تحت قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کے لیے انتظامات کی منظوری دے دی۔
سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق یہ اجلاس قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے بلایا گیا ہے جس کی روایت پہلے بھی موجود ہے اور جب قاسم سوری نے رولنگ دی تھی تو سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا تھا جس پر اس وقت بھی قومی اسمبلی کا اجلاس سیکریٹریٹ نے ہی بلایا تھا۔
مزیدپڑھیں:مریم نوازنے ایک ماہ کا ٹاسک دے دیا
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 28 فروری کو بلانے کی سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی گئی تھی کیونکہ آئین کے تحت قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 29 فروری تک بلانا لازمی ہے۔
تاہم صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ’ایوان نامکمل‘قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے سے انکار کردیا تھا۔















