اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ہزاروں لوگ پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے منتظر ہیں، امید ہے کہ جلد انتخابی نشان کا فیصلہ بھی آجائے گا، نجی ٹی وی سے بات چیت میں پی ٹی آئی تیمورسلیم جھگڑا نے کہا کہ ہماری پوری قیادت کے کاغذات مسترد ہوئے، لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور دور تک نہیں، پی ٹی آئی کے 24 فیصد کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے دیگر جماعتوں کے کاغذات مسترد ہونے کی شرح کیا ہے؟تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے کاغذات مضحکہ خیز وجوہات پر مسترد ہوئے، ہمارے لوگوں کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، پی ٹی آئی کے پوسٹر چھاپنے پر 2 افراد کو اغواء کیا گیا، انتخابات پہلے ہی متنازع ہوچکے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پابندی نگراں حکومت لگارہی ہے، عمرسیف پہلے بھی وزیر آئی ٹی رہ چکے ہیں، پورے ملک میں سوشل میڈیا بند کرنے کی ضرورت کیا ہے؟ 80 دن میں نوازشریف ماڈل ٹاؤن کے کانفرنس روم سے نہیں نکلے۔ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے منتظر ہیں، امید ہے کہ جلد انتخابی نشان کا فیصلہ بھی آجائے گا، ووٹرز نے انتخابی نشان کو ہی ووٹ دینا ہے، یہ الیکشن نظریے کا الیکشن ہے، عوام کا ردعمل بھی نظریاتی ہی ہوگا۔تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ انتخابات صاف اور شفاف ہونا چاہئیں، شفاف الیکشن ہوئے تو پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کا صفایا ہوجائے گا۔















