اسلام آباد( نیوز ڈیسک) اپوزیشن نے ایوان بالا میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ، سینیٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی بھی طے کرلی گئی، سیاسی اور معاشی صورتحال پر آواز اٹھائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سینٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اپوزیشن نے ایوان بالا میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنماء سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر ایوان میں آواز اٹھائی جائے گی، موجودہ حکومت صرف بھیک مانگنے میں مصروف ہے، ملکی مسائل کا واحد حل الیکشن ہے۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر ڈاکٹر زرقا، سینیٹر سیمی ایزدی، دوست محمد خان اور فوزیہ ارشد نے شرکت کی، اجلاس میں سینیٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔















