مشی گن (نیوزڈیسک)امریکی ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ نے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل کرنے سے متعلق درخواست سننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں پرائمری الیکشن کی اجازت دیدی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ میں 4 ووٹرز نے درخواست دائر کی تھی کہ کیپیٹل ہل پر حملے میں کردار کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست میں 27 فروری کو ہونے والی پرائمری الیکشن میں امیدوار بننے سے روکا جائے۔درخواست پر عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار عدالت کو اس بات پر قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ اس عدالت کو معاملے کا جائزہ لینا چاہیے۔اس طرح مشی گن کی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو پرائمری الیکشن کے معاملے پر فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔















