اہم خبریں

بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان کو تبدیل کرنے کا امکان

نیو دہلی (اے بی این نیوز)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی پر غور کرنے لگا ہے اور رپورٹس کے مطابق شریاس آئر کو مستقبل کا نیا کپتان بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریا کمار یادو کی مسلسل خراب بیٹنگ فارم نے سلیکٹرز اور بورڈ حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے بعد شریاس آئر کو قیادت سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوریا کمار یادو کی کپتانی میں بھارت نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں، جن میں ایشیا کپ 2025 اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل بھی شامل ہے۔ وہ مہندر سنگھ دھونی اور روہت شرما کے بعد بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے والے تیسرے کپتان بنے تھے۔

تاہم ان کی ذاتی بیٹنگ کارکردگی گزشتہ دو برسوں میں مسلسل تنزلی کا شکار رہی۔ سوریا کمار یادو نے 2024 میں 429 رنز 26.81 کی اوسط سے بنائے جبکہ 2025 میں 21 میچز میں صرف 218 رنز اسکور کر سکے، جہاں ان کی اوسط 13.62 اور اسٹرائیک ریٹ بھی 123.16 تک گر گیا۔

دوسری جانب شریاس آئر نے آئی پی ایل میں نہ صرف اپنی بیٹنگ بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے دہلی کیپیٹلز، کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور پنجاب کنگز کو آئی پی ایل فائنل تک پہنچایا جبکہ 2024 میں کولکتہ کو ٹائٹل بھی جتوایا۔

بھارتی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل کے اختتام کے بعد بھارت کو افغانستان، انگلینڈ، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف مسلسل وائٹ بال سیریز کھیلنی ہیں، ایسے میں بی سی سی آئی جلد یا مرحلہ وار قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وزیر چوہدری محمد رشید کو وزارت سے برطرف کر دیا

متعلقہ خبریں