اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔شاہین نے یہ اعزاز سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا، قومی بولرنے سری لنکا کے نشان مدوشکا کو آؤٹ کرکے 100ویں وکٹ حاصل کی۔شاہین آفریدی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے 19 ویں پاکستانی کھلاڑی ہیں،فاسٹ بولر نے 26 ٹیسٹ میچز میں 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ میں جلد 100 وکٹیں لیکر عمران خان اور وسیم اکرم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔عمران خان اور وسیم اکرم جیسے لیجنڈ باؤلرز نے 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کے لیے بالترتیب 26 اور 30 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے ۔ اس سے شاہین آفریدی کے پاس قابل ذکر صلاحیت اور صلاحیت کی عکاسی ہوتی ہے۔لیگ سپنر یاسر شاہ صرف 17 ٹیسٹ میں 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی باولر ہیں۔وقار یونس اور سعید اجمل 19،19 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسرے، محمد آصف 20 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرکے تیسرے، فضل محمود 22 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے چوتھے جب کہ ثقلین مشتاق اور دنیش کنیریا 23،23 میچز میں 100 ٹیسٹ شکار کرکے مشترکہ طور پر 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔