قومی ٹیم کو ٹیسٹ میچ جیتے آج ایک سال مکمل ہوگیا

لاہور(نیوزڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کپتان بابراعظم کی قیادت میں 2 ٹیسٹ کھیلنے کےلیے اس ماہ سری لنکا جائے گی۔ پاک سری لنکا سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے سائیکل میں قومی ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔ٹھیک ایک سال قبل بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے سری لنکا کے خلاف گال کے پہلے ٹیسٹ میں 342 رنز کا ہدف 6 وکٹ پر حاصل کیا تھا، جہاں عبداللّٰہ شفیق نے ناقابل شکست 160 رنز بنائے تھے۔دورہ سری لنکا میں گال کے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو 246 رنز سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد دسمبر 2022ء میں بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز 0-3 سے جیتی جبکہ دسمبر 2022ء اور جنوری 2023ء میں پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کے دونوں ٹیسٹ بے نتیجہ رہے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری 15 ماہ کے دوران 10 ٹیسٹ کھیلے ہیں، جس میں قومی ٹیم کو بابر اعظم کی قیادت میں صرف ایک فتح مل سکی ہے۔ پانچ ٹیسٹ قومی ٹیم ہاری جبکہ چار ٹیسٹ ڈرا پر ختم ہوئے۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے، ٹیسٹ چیمپئن آسٹریلیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر ہے۔اس فہرست میں پاکستان ٹیم کا پانچواں اور سری لنکا کا چھٹا نمبر ہے۔