زمبابوے نے امریکا کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی

ہرارے (  اے بی این نیوز  )زمبابوے نے امریکا کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے پچھاڑ دیا،409 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 104 رنز پر ڈھیر،سین ولیمز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچ میں زمبابوے نے امریکا کو تاریخ ساز 304 رنز کے مارجن سے شکست دیدی، زمبابوے کے 409 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 25.1 اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ زمبابوین کپتان سین ولیمز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے 17ویں میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ کپتان سین ولیمز نے محض 65 بالوں پر اپنی سنچری مکمل کی، وہ 174 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 21 چوکے شامل ہیں۔
اوپنرز جوائے لینڈ گمبی نے 78 اور انوسینٹ کایا نے 32 رنز بنائے۔ سکندر رضا نے 27 48 اور ریان برل نے 16 بالوں پر 47 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ امریکی بائولر ابھیشیک پراڈکر نے 3، جیسی سنگھ نے 2 اور نوستھوش نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔زمبایوے کے 409 رنز کے بڑے ٹوٹل کے جواب میں امریکہ کی ٹیم 25.1 اوور میں 104 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی۔ابھیشیک نے 24 ، جسی سنگھ نے 21 رنز اور گجانند سنگھ نے 13 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ زمبابوین بائولرز رچرڈ انگاراوا اور سکندر رضا نے دو دو، بریڈ ایوانس، لیون جونگوے اور ریان برل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح زمبابوے نے امریکہ کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست سے دوچار کردیا جو کہ ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی فتح ہے۔