اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو افواجِ پاکستان کے نام منسوب کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ملک کی دفاعی افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے گئے 27ویں میچ کے دوران شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس میں تماشائیوں، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل کے تین مخصوص دن افواج پاکستان کے مختلف شعبوں کے نام کر دیے گئے ہیں:
- پہلا دن: آرمی کے نام
- دوسرا دن: نیوی کے نام
- تیسرا دن: ایئر فورس کے نام
یہ فیصلہ نہ صرف قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے کی ایک علامت ہے بلکہ اس کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا ہے۔