اسلام آباد( نیوز ڈیسک) رواں سال مری اور گلیات میں برفباری کے دوران قومی شاہراہوں پر سفر کرنے بارے این ایچ اے نے ہدایات جاری کر دیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان سہیل آفتاب کے مطابق مری میں برف باری کے پیش نظر قومی شاہراہوں پر ٹریفک کو یقینی طور پر بحال رکھنے کے لئے این ایچ اے کے افسران اور عملہ متحرک ہو چکا ہے اور اہم مقامات تک مشینری پہنچا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایت پر جی ایم ظفر یعقوب خان تمام صورتحال کی نگرانی میں مصروف عمل ہیں۔این ایچ اے کی ٹیموں کو برف باری سے نمٹنے کیلئے مختلف مقامات پر الرٹ کردیا گیا ہے اوربھاری مشینری اور دیگر ضروری اشیاء مختلف مقامات تک پہنچا دی گئی ہیں۔ این ایچ اے نے خراب موسم کے پیش نظر عوام سے گزارش کی ہے کہ مری اور گلیات کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ناگزیر سفر کی صورت میں کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی سازو سامان کے ہمراہ مری کا رخ کریں نیز سیاح اپنی گاڑی کے پہیوں پر، سَنو چین باندھ کر سفر کریں تاکہ گاڑی نہ پھسلے۔















