اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی قیادت سے رابطہ کیا ہے ،تفصیلات کے مطابق منگل کو نگران وزیرِاطلاعات مرتضٰی سولنگی کی خواہش پر سینئر مرکزی رہنما پی ٹی آئی شفقت محمودنے اپنی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی،ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع کے اہتمام اور وسیع قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مفصل گفتگوکی گئی،ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں نگران حکومت کی دلچسپی اور اس حوالے سے نگران حکومت کے فرائض پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی جبکہ قومی سطح پر ہم آہنگی اور مفاہمت کے فروغ کے امکانات، اہمیت اور ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،اس موقع پر شفقت محمود نے کہاکہ انتخابات کی افادیت ان کے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انعقاد کی مرہونِ منت ہے، آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کیلئے تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں ماحول اور مساوی مواقع کی فراہمی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، شفقت محمودنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کو بلاشبہ برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے، تحریک انصاف کو آئین و قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کھلی آزادی ہے، شفقت محمود نے کہاکہ نہایت ناہموار ماحول میں منعقد کروائے گئے خلافِ قاعدہ انتخابات عوامی سطح پر ساکھ اور قبولیت سے محروم رہیں گے،فیئر ٹرائل اور انصاف تک مکمل رسائی کو بھی آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے ہدف کے حصول میں بنیادی اہمیت حاصل ہے،انہوں نے کہاکہ قومی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا گہرا انحصار دستور کی بالادستی اور جمہوریت کے بقاء و تسلسل پر ہے اور یہ قومی مفاہمت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیرممکن نہیں، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی دستور کے سائے میں انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔















