اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزارت داخلہ نے امریکی سفارتخانے کی 9مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں قید تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی کی درخواست منظور کرلی ہے۔وفاقی وزارت داخلہ نے محکمہ داخلہ پنجاب کو خدیجہ شاہ تک رسائی دینے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا، خدیجہ شاہ پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق امریکی سفارتخانے کی طرف سے لاہور میں قید خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی کیلئے درخواست کی گئی تھی درخواست باضابطہ طور پر منظور کرتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، اب محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام لاہور میں امریکی قونصلر جنرل کی خدیجہ شاہ سے ملاقات کا اہتمام کریں گے۔ واضح رہے کہ خدیجہ شاہ پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں جو تحریک انصاف سے وابستہ ہیں وہ 9 مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار ہیں۔















