آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر دسترس آنے والے دور میں ترقی کی ضامن ہے ،وفاقی وزیر احسن اقبال

اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے 15 رکنی قومی ٹاسک فورس برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس تشکیل دے دی، اس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ماہرین، نجی شعبے اور حکومت کے نمائندے شامل ہیں،ٹاسک فورس آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو معیشت، گورننس اور تعلیم کے شعبوں میں متعارف کرانے کا لائحہ عمل تجویز کرے گی۔ اس بات کا اعلان انہوں نے اس حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کے دوران کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر دسترس آنے والے دور میں ترقی کی ضامن ہے، معیشت، گورننس اور تعلیم کے شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے دور رس تبدیلیاں وقوع پذیر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس حکومت کو زراعت، گورننس، تعلیم، معیشت کے شعبوں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال، فیصلہ سازی اور ترقی کا 10سالہ روڈ میپ تیار کر نے میں معاونت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا قومی مرکز قائم کیا تھا۔